مٹی پاؤ

مٹی پاؤ ایک ایسا نایاب فارمولا ہے جس کے موجد غالباً چوہدری شجاعت حسین ہیں اگر مجھ سے غلطی ہو رہی ہو تو قارئین اس کی تصحیح کر سکتے۔

صلائے عام یاران نقطہ داں کے لئے
اس لئے بابا مستانہ اسے” فارمولہ چوہدریاں”کہتے ہیں،بابا مستانہ نے کبھی ایک چوہدری کی بات نہیں کی وہ ہمیشہ دو چوہدریوں کو اکٹھا ملا کر بات کرتے ہیں اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ایک تو جوڑا ٹھیک رہتا ہے دوسرا اتفاق میں برکت ہوتی ہے۔
بابا مستانہ کی "اتفاق”سے مراد” اتفاق فاؤنڈری” نہیں جس نے حلال و حرام کی تمیز کئے بغیر اپنی کھوکھ سے ہزاروں فونڈریاں جنم دی ہیں بلکہ ان کی اتفاق سے مراد بس اتفاق ہے۔
وہ کہتے ہیں اتفاق سے کچھ بھی ہو سکتا ہے یہ بھی اتفاق ہی ہے کہ اتفاق فاؤنڈری کی جگہ اب بحریہ ٹاؤن کی الرحمت ہاؤسنگ سکیم بن گئی ہے۔
یہ بھی اتفاق ہی ہے کہ یہاں کی ریلوے پھاٹک پر اور ہیڈ برج بن گیا ہے جو یہاں کی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھاجسے صدیوں پر محیط کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کیونکہ ریلوے صدیوں پرانا قصہ ہے، مگر اتفاق سے ملک ریاض کی کرامت سے یہ اتنی تیزی سے بنا کہ لگتا ہے ملک ریاض کی کنسٹرکشن کمپنی میں جنات کام کرتے ہیں۔
ملک ریاض کے پاس واقعی جنات ہیں اور وہ ان سے کام بھی لیتے ہیں۔ویسےتو ہر دولت مند کے پاس جنات ہوتے ہیں جو ان کے کام کاج آنکھ جھپکتے ہی کر دیتے ہیں!
نواز شریف کے پاس بھی جنات ہی تھے جو ان کو اڑا کر پاکستان سے انگلستان لے گئے۔
لیکن ہمیں کیا!۔۔۔۔۔مٹی پاؤ
چوہدری برادران نے مولانا دھرنا صاحب کو بہتیرا کہا کہ مولانا صاحب دھرنے پر مٹی پاؤ مگر مولانا صاحب نے دھرنے کو جھاڑ پھونک کر پہلے والی مٹی بھی اڑا دی۔
آخر کب تک!
مٹی پاؤ کے بغیر سیاست میں دکانداری کہاں چلتی ہے،مولاناصاحب کو خاکیوں کے بوٹوں کی مٹی "مٹی پاؤ”فارمولے میں استعمال کرنی پڑ ہی گئی ورنہ عمران خان کو استعفے دے کر مٹی پاؤ فارمولا استعمال کرنا پڑ جانا تھا۔
ویسے چوہدری برادران کے پاس فارمولے بڑی نایاب قسم کے ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ مولانا فضل الرحمن کی طرح ہر دور میں حکومت کا حصہ ہوتے ہیں،یہ ہوتی ہے قسمت اور مقدر کی بات۔۔!
ہمیں تو لگتا ہے کہ چوہدری برادران مولانا صاحب کو یہی گر سمجھانے گئے ہوں گے کہ مولانا صاحب "مٹی پاؤ تے رج کے کھاؤ.”
لیکن شاید چوہدری برادران کو یہ معلوم نہیں کہ مولانا صاحب کے مقدر ان جیسے کہاں۔۔۔۔! آج کل سیاسی قسمت کی دیوی مولانا صاحب سے ناراض ہے۔
چوہدری برادران دوسروں کی بارات میں ہمیشہ دیوانے رہے ہیں ،بابا مستانہ کا ایک شعر یاد آ رہا ہے انہوں شاید اسی موقع کی مناسبت سے کہا تھا،ان کا تخلص بھی بالکل خالص تھا یعنی بابا مستانہ۔۔۔۔۔!
دوسروں کی بارات پر عبداللہ دیوانہ
کہتا ہے سچ بات یہ بابا مستانہ
اپنے جیسے ایک دانشمند کو ہم نے یہ شعر سنایا تو انہوں نے جو اس کی مٹی پلید کی بہتر ہے کہ اس پر مٹی پاؤ ۔لیکن پھر بھی مٹی پاؤ سے پہلے ہم آپ کو بتا ہی دیتے ہیں اس کہ دانشمند نے کیا کہا۔۔۔۔۔!
دانشمند نے یہ شعر سن کر فرمایا کہ او بھائی مجھے الو نہ بناؤ مجھے معلوم ہے کہ تم نے دو علیحدہ علیحدہ شاعروں کے دو مصرعے اٹھا کر اس کا ایک شعر بنا دیاہے۔
اس شعر کا پہلا مصرعہ عبداللہ دیوانہ کا ہے اور دوسرا مصرعہ بابا مستانہ کا ہے ہم اس دانشمند کی دانشمندی پر مٹی پاؤ کا عمل کر کے بے فکر ہو گئے کیونکہ اس سے بہتر اور کوئی عمل تھا ہی نہیں۔
ہمیں اس عمل سے مٹی پاؤ فارمولے کی افادیت کا علم ہوا
” نہ ہوتا اگر مٹی پاؤ فارمولا تو پاگل کہاں جاتے”
"نہ کرتے گر عمل اس پر یہاں رہتے نہ وہاں رہتے”
اس شعر کی تشریح بابا مستانہ نے سختی سے منع کی ہوئی کیونکہ اس کے حقوق بابا مستانہ کے ہاں محفوظ ہیں جو کوئی کوشش کرے گا وہ اپنی کوشش کا آپ ہی ذمہ دار ہو گا بالکل ویسے ہی جیسے شہباز شریف،نواز شریف کی ضمانت دینے کا ذمہ دار ہے۔
بابا مستانہ کہتے ہیں اس میں ہنسنے والی کوئی بات نہیں ہے یہ بات میں پوری ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں،کسی نے بابا مستانہ سے پوچھ لیا یہ ذمہ داری کون ہے جس سے آپ کہہ رہے ہیں،پوچھنے والے سے کہنے لگے۔۔۔!
تیری چاچی۔۔۔۔۔!

متعلقہ محمد نعیم شہزاد

.......................... محمد نعیم شہزاد ایک ادبی، علمی اور سماجی شخصیت ہیں۔ لاہور کے ایک معروف تعلیمی ادارہ میں انگریزی زبان و ادب کی تعلیم دیتے ہیں۔ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں نظم اور نثر نگاری پر قادر ہیں۔ ان کی تحاریر فلسفہ خودی اور خود اعتمادی کو اجاگر کرتی ہیں اور حسرت و یاس کے موسم کو فرحت و امید افزاء بہاروں سے ہمکنار کرتی ہیں۔ دین اسلام اور وطن کی محبت ان کی روح میں بسی ہے۔ اسی جذبے کے تحت ملک و ملت کی تعمیر و ترقی میں پیش پیش رہتے ہیں۔

تجویز کردہ

سنیپ چیٹ اسلامی تعلیمات کے آئینے میں

چند دن قبل کچھ پرانے دوست اکھٹے ہوئے۔ کچھ انجینیئرنگ کے سٹوڈنٹس اور کچھ ایم …

محمد صلی اللہ علیہ وسلم ، ایک عالمگیر شخصیت ۔۔۔ رحمت اللہ شیخ

امام الانبیاء حضرت محمدﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری پیغمبر اور رسول ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے …

Send this to a friend

Hi, this may be interesting you: مٹی پاؤ! This is the link: https://pakbloggersforum.org/mitti-pao/